ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ،کانگریس کا احتجاج

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ،کانگریس کا احتجاج

Thu, 24 Mar 2022 00:03:25    S.O. News Service

نئی دہلی،23؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس نے پٹرول، ڈیزل اور گھریلو گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف چہارشنبہ کو پارلیمنٹ سے سڑک تک احتجاج کیا۔ کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ نے آج صبح پارلیمنٹ ہاؤس احاطہ میں گاندھی جی کے مجسمہ کے سامنے احتجاج کیا اور حکومت مخالف نعرے لگائے۔ راجیہ سبھا میں حزب اختلاف اختلاف کے لیڈر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری، کے سریش، طارق انور، گورو گوگوئی، کے سی وینوگوپال سمیت کئی ارکان پارلیمنٹ نے مظاہرے میں حصہ لیا۔

کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ نے بعد میں یہ معاملہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اٹھایا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی جس کی وجہ سے دونوں ایوانوں کا کام متاثر ہوا۔ راجیہ سبھا میں وقفہ صفر اور لوک سبھا میں وقفہ سوالات کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ہنگامے کی وجہ سے متاثر رہا۔

کھڑگے نے بعد میں یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کامپلکس میں صحافیوں سے کہا کہ مودی حکومت نے پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے 10 ہزار کروڑ روپے کمانے کا طریقہ تلاش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی اس معاملے کو ایوان میں اٹھا رہی ہے لیکن حکومت ان کی بات نہیں سن رہی ہے۔

کانگریس کےمواصلات کے شعبہ کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے اس سلسلے میں ٹوئٹ کرتے ہوئے اسے بڑے پیمانے پر لوٹ کی یوجنا قرار دیا اور کہا کہ ’’جن لوٹ یوجنا‘‘ جاری ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 80 پیسے کا اضافہ، دو روز میں عوام کو 1.60 روپے فی لیٹر کی ’’چپت‘‘لگی۔ گندم کی کٹائی میں کسان کو لوٹنے کایہی موقع ہے۔ متوسط ​​طبقے کے نوکری پیشہ کو روزانہ لوٹنا اب حکومت کا ’’دھرم‘‘ ہے۔ مخالفت ہوئی تو ’’فلم‘‘ دکھادیں گے، مذہب اور ذات کے پیچھے چھپادیں گے۔

اس دوران یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے بھی یہاں شاستری بھون کے قریب پٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف مظاہرہ کیا اور حکومت مخالف نعرے لگائے۔ اس دوران مظاہرین نے ایل پی جی سلنڈر لے کر اپنے احتجاج کا اظہار کیا۔


Share: